اگر پنڈت کلہن کو کشمیر کے اولین مورخ کا درجہ دیا جائے تو یہ غلط نہیں ہو گا، پنڈت کلہن کے آباؤ اجداد کشمیر کے شاہی دربار میں اچھا اثرورسوخ رکھتے تھے، بارہویں صدی کے آغاز میں للتا دتیہ کے آباد کردہ شہر پری باس پور میں پنڈت کلہن کا جنم چنپک یا چن پک نامی شخص کے گھر ہوا جو والی کشمیر راجہ ہرش کا دوار پتی یعنی دروں کا محافظ وزیر تھا۔ چنپک کا بڑا بھائی کنک ایک نامور موسیقار اور راجہ ہرش کا موسیقی کا استاد تھا۔
اپنے علم و ادب، شاعری، موسیقی اور حکمت سے گہرے لگاؤ کی بناء پر پنڈت کلہن نے ان علوم میں گہری دسترس حاصل کی اور شہرت و عظمت کی بلندیوں کو پایا۔ ایک ہی وقت میں پنڈت ایک مورخ، محقق، شاعر، حکیم اور مدبر دانشور تھا، اس کے ساتھ ساتھ پنڈت کلہن ایک محب وطن لکھاری بھی تھا۔